ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورومیں بارش کے سبب ٹرافک بری طرح متاثر، ریاست کے بیشتر حصوں میں اگلے تین دن بارش کی پیشین گوئی

بنگلورومیں بارش کے سبب ٹرافک بری طرح متاثر، ریاست کے بیشتر حصوں میں اگلے تین دن بارش کی پیشین گوئی

Sat, 24 Oct 2020 11:42:52    S.O. News Service

بنگلورو،24؍اکتوبر(ایس او نیوز) شہر بنگلورو میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش نے شہر کے ڈرائینج نظام میں خامیوں کو اجاگر کیا ہے۔ بارش کے سبب شہر کے بیشتر نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ کئی سڑکوں پر پانی بھر جانے کے نتیجے میں شہر کا ٹرافک نظام درہم برہم ہو گیا۔ مسافروں کو آگے بڑھنے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔

شہر کے شیواجی نگر، یشونت پور، سٹی مارکیٹ، ملیشورم،میجسٹک،راجہ جی نگر، جئے نگر اور دیگر علاقوں میں بارش نے ٹرافک کو بدحال کر دیا۔ بارش کے سبب شیوانندا سرکل، مہالکشمی لے آؤٹ، میسور روڈ، یلہنکاسمیت کئی علاقوں میں سڑکیں زیر آب آگئیں اور ان علاقوں میں بارش تھمنے اور سڑکوں سے سارا پانی بہہ جانے تک ٹرافک کو روکنا پڑا۔

خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے کرناٹک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ مزید تین دن تک جاری رہ سکتا ہے۔ ساحلی علاقوں میں آنے والے اڈپی، منگلورو، دکشن کنڑااور داخلی کرناٹک میں آنے والے بنگلورو، بنگلورو رول، چکبالا پور، کولار، منڈیا، میسور،شیموگہ، رام نگرم، کورگ، ٹمکور،چکمگلورو، داونگیرے اور ہاسن میں محکمہ موسمیات کی طرف سے آرینج الرٹ جاری کیا گیاہے، جس کا مطلب ہے کہ ان علاقو ں میں بارش کا سلسلہ اگلے تین چار دن تک اسی رفتار کے ساتھ جاری رہے گا جو اب ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ ریاست میں 28؍اکتوبرکے مابعد مانسون بارشوں کی شروعات ہونے جا رہی ہے، اس لئے محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آنے والے دو تین ہفتوں کے دوران کرناٹک کے بیشتر علاقو ں میں بارش کا یہ سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔محکمہ نے کہا ہے کہ اکتوبر کے آخری حصہ میں یا پھر نومبر کے اوائل میں طوفان جیسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

ریاستی محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر سی ایس پاڈل نے بتایا کہ اس بار اکتوبر کے درمیانی اورآخری حصہ میں مسلسل بارش کی وجہ سے دسہرہ تقریبات متاثر ہو سکتی ہیں۔


Share: